نئی دہلی، 25؍اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے آج ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ راہل گاندھی نے سپریم کورٹ میں آر ایس ایس پر یو ٹرن لیا ہے اور کہا کہ پارٹی کے نائب صدر اپنے اس بیان پر قائم ہیں کہ جس شخص نے مہاتما گاندھی کو قتل کیا وہ اسی تنظیم سے وابستہ تھا۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کئی ٹوئٹ کے ذریعے کہاکہ آر ایس ایس پر راہل گاندھی نے یو ٹرن نہیں لیا۔انہوں نے جو کہا تھا وہ اس پر قائم ہیں۔جس نے مہاتما گاندھی کو قتل کیا اس کا تعلق آر ایس ایس سے ہی تھا۔یہ نفرت اور تشدد کا نظریہ ہے جس نے مہاتما گاندھی کو قتل کیا ۔غورطلب ہے کہ راہل گاندھی نے کل سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ انہوں نے مہاتما گاندھی کے قتل کے لیے ایک تنظیم کے طور پر آر ایس ایس پر کبھی الزام نہیں لگایا، لیکن ان کے قتل کے پیچھے اس تنظیم سے وابستہ افراد کا ہی ہاتھ تھا۔مہاراشٹر میں 2015کے الیکشن کے دوران ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی کے بیا ن کے لیے ایک ملزم کے طور پر انہیں سمن جاری کرنے کو چیلنج دیتے ہوئے ممبئی ہائی کورٹ میں راہل گاندھی نے حلف نامہ دائر کیا تھا اور اسی حلف نامے کے پیراگرافوں کا حوالہ دیتے ہوئے دگو جے نے کہا کہ پارٹی کے نائب صدر اپنے موقف پر مضبوطی سے قائم ہیں۔کانگریس نائب صدر کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے ہائی کورٹ میں دائر حلف نامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے مہاتما گاندھی کے قتل کے لیے صرف آر ایس ایس کے کسی مخصوص شخص پر الزام لگایا ہے نہ کہ تنظیم پر۔